ٹیکنالوجی ، کاروباری اور سٹارٹ اپ خبریں

نیسلے پاکستان لمیٹڈ نے جدید کسٹمر سروس سہولت کے قیام کیلئے یوفون 4G بی پی او آپریشنز کے ساتھ اشتراک کرلیا

Nestlé Pakistan Limited collaborates with Ufone 4G

104

- Advertisement -

اسلام آباد: معروف عالمی فوڈ اینڈ بیوریج کمپنی، نیسلے پاکستان لمیٹڈ نے اپنے صارفین کو موثر کسٹمر سروسز کی فراہمی کے لیے ایک جدید ترین رابطہ مرکز (کانٹیکٹ سینٹر) کے قیام کے لیے پاکستانی ٹیلی کام کمپنی، یوفون 4G کے بزنس پروسیس آؤٹ سورسنگ (بی پی او) آپریشنز کے ساتھ اشتراک قائم کرلیا ہے۔ یہ رابطہ مرکز وائس اور نان وائس روابط کے علاوہ، سوشل میڈیا کے ذریعے رابطے کا بھی انتظام کرے گا، تاکہ صارفین کو بروقت مدد اور ایک بہترین تجربہ مہیا کیا جاسکے۔

لاہور میں نیسلے پاکستان کے مرکزی دفتر میں منعقدہ معاہدے کی تقریب میں پی ٹی سی ایل اور یوفون کے گروپ چیف کسٹمر کیئر آفیسر، احمد کمال، نیسلے پاکستان کے کمیونی کیشنزڈائریکٹر، فیصل رانا اور نیسلے واٹرز بزنس کے بزنس ہیڈ عبداللہ جاوید کے علاوہ دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ اس موقع پر دونوں اداروں نے اپنی خدمات کو وسعت دینے اور انہیں مزید ڈیجیٹلائز کرنے، عوامل کو خودکار بنانے اور صارفین تک رسائی کو بڑھانے کے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل اور یوفون کے گروپ چیف کسٹمر کیئر آفیسر،احمد کمال نے کہا کہ ہم نیسلے کے ملک بھر میں موجود صارفین کو کسٹمر کیئر سہولت فراہم کرنے کے لیے شراکت داری کے قیام پر بہت خوش ہیں۔ نیسلے معروف عالمی کارپوریٹ اداروں میں سے ایک ہے اور یوفون کے بی پی او آپریشنز پر اس کا اعتماد ہماری خدمات کے معیار، تکنیکی مضبوطی اور دیرپا خدمت کی اہلیت کی تصدیق کرتا ہے۔ ہم نیسلے کے صارفین کو ایک موثر اور قابلِ اعتماد کسٹمر سروس کا تجربہ فراہم کرنے کا مضبوط عزم رکھتے ہیں۔

- Advertisement -

نیسلے پاکستان کے کمیونی کیشنزڈائریکٹر، فیصل رانا نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیسلے اپنے صارفین کو ہر کام میں اولیت دیتا ہے اور ہمارا کال سینٹر ان کو خدمات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ہم اسے صرف کال ہینڈلنگ سینٹر کے طور پر نہیں بلکہ کاروباری ترقی کے مرکز کے طور پر دیکھتے ہیں، جس کے ذریعے ہمارے صارفین کے لئے پرکشش برانڈ تجربات پیدا کیے جاتے ہیں تاکہ ہم پر ان کے اعتماد اور بھروسے کو فروغ مل سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صارفین سے رابطے کی جدید خدمات نیسلے کے لئے خیر سگالی کے جذبات اور اعتماد کو مزید پروان چڑھائیں گی اور ہمارے برانڈز کی ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے کے علاوہ ڈیجیٹل کامرس کی ترقی کو ممکن بنائیں گی۔

نیسلے پاکستان ملک کی معروف فوڈ اینڈ بیوریج کمپنی ہے جس کی خدمات کا دائرہ کار ملک کے دور دراز علاقوں تک پھیلا ہوا ہے، اور وہ روزمرہ زندگی کی ضروریات کے مطابق مصنوعات اور خدمات پیش کرتی ہے، تاکہ آج اور آنے والی نسلوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے اچھی خوراک کی قوت کو بروئے کار لایا جاسکے۔

جبکہ یوفون 4G بڑے کاروباری اداروں کی کارکردگی، پیداواری صلاحیت اور مسابقت کے فروغ کے لئے اعلی معیار کی ڈیجیٹل بزنس ٹو بزنس خدمات کی فراہمی کے شاندار تجربہ کا حامل ادارہ ہے۔ یوفون کا ادارہ جاتی تجربہ ملک بھر میں نیسلے صارفین کو بے مثال کسٹمر سروسز کا تجربہ فراہم کرنے میں کام آئے گا، جس سے نیسلے کے صارفین میں کمپنی کے لیے خیر سگالی کے جذبات کو فروغ ملے گا۔

- Advertisement -

- Advertisement -

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.