نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ حکومت کے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے اداروں میں سے ایک ہے : وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر
- Advertisement -
اسلام آباد (اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ حکومت کے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے اداروں میں سے ایک ہے ۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں نیشنل انشورنس کمپنی (این آئی سی ایل) کی کارکردگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ این آئی سی ایل مشکل وقت سے گزر کر حکومت کے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اداروں میں سے ایک بن گیا جس نے ایک سال میں 25.65 بلین روپے منافع حاصل کیا ۔
سید نوید قمر نے معاشی ترقی کو فروغ دینے اور ملک کے انشورنس سیکٹر کو بااختیار بنانے کے لیے این آئی سی ایل کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ این آئی سی ایل کی زرعی پالیسی کسانوں کو سیلاب، خشک سالی، ژالہ باری اور دیگر قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کے خلاف ایک جامع کوریج فراہم کرتی ہے۔ اس طرح کی پالیسیاں نہ صرف کسانوں کو قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کے خلاف کوریج فراہم کریں گی بلکہ انہیں اپنے مالی معاملات کو زیادہ موثر طریقے سے سنبھالنے میں بھی مدد ملے گی۔
- Advertisement -
وفاقی وزیر نے اپنی مصنوعات اور خدمات کے ذریعے پاکستان کے شہریوں کو مالی تحفظ فراہم کرنے کے لیے این آئی سی ایل کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ ابھی بہت کام کرنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی این آئی سی ایل ٹیم کی محنت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مضبوط کارکردگی منافع بخش کاروباری نمو اور سرمایہ کاری کی ٹھوس کارکردگی کے باعث تھی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت ملک میں انشورنس کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور اس شعبے کی ترقی کے لیے معاونت کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے متعلقہ شعبوں پر زور دیا کہ وہ رکاوٹیں کھڑی کرنے کے بجائے ایسی تنظیموں کو سہولت فراہم کریں اور کہا کہ حکومت اس شعبے کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے این آئی سی ایل کے ساتھ مل کر کام کرتی رہے گی۔وفاقی وزیر نے این آئی سی ایل کی ٹیم کو ان کی کامیابی پر مبارکباد بھی دی اور ان کی مستقبل کی کوششوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
- Advertisement -