ٹیکنالوجی ، کاروباری اور سٹارٹ اپ خبریں

موبی لنک مائیکرو فنانس بینک نے صارفین کو او پی ڈی کی لامحدود کنسلٹیشن کی فراہمی کیلئے صحت کہانی سے اشتراک

60

- Advertisement -

اسلام آباد (پریس ریلیز) موبی لنک مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ (ایم ایم بی ایل) نے اپنے موجودہ اور نئے صارفین کو کم لاگت کی حامل باسہولت او پی ڈی کنسلٹیشن کی سہولت فراہم کرنے کے لئے صف اول کے ٹیلی میڈیسن پلیٹ فارم، ‘صحت کہانی’ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ اس شراکت داری کے ذریعے ایم ایم بی ایل کے صارفین کو اپنے گھروں سے ہی 24 گھنٹے ٹیلی ہیلتھ ہیلپ لائن کی سہولت حاصل ہوگی۔

موبی لنک مائیکرو فنانس بینک،ویون (VEON) گروپ کا حصہ ہے، جو ایک عالمی ڈیجیٹل آپریٹر ہے اور سات ممالک میں بھرپور کنیکٹوٹی اور آن لائن خدمات فراہم کرتا ہے۔ ویون گروپ زیادہ سے زیادہ ڈیجیٹل شمولیت کے مواقع کے ساتھ ان ممالک میں معاشی ترقی کو فروغ دے کر لوگوں کی زندگیاں تبدیل کررہا ہے جو دنیا کی آبادی کا 8فیصد حصہ ہیں۔

اس شراکت داری کے تحت ایم ایم بی ایل کے صارفین کو صحت کہانی کی خدمات تک رسائی حاصل ہوگی جن میں مستند ڈاکٹروں اور صحت عامہ کے ماہرین کے ساتھ آن لائن طبی مشاورت، تجویز کردہ ادویات کی معلومات اور صحت سے متعلق مشورے شامل ہیں۔ یہ اشتراک کم آمدنی والے افراد اور انکے خاندانوں کو درپیش صحت کی دیکھ بھال سے متعلق چیلنجز کا ایک جدید حل پیش کرنے کی کوشش کرتا ہے، جنہیں معیاری طبی خدمات کی محدود رسائی حاصل ہے۔ اس کے علاوہ ان مستحقین کے لیے ایک خصوصی میڈیکل ہیلپ لائن بھی بنائی گئی ہے جن کے پاس اسمارٹ فون موجود نہیں ہے یا وہ ایپلی کیشن کے استعمال سے قاصر ہیں۔

- Advertisement -

اس معاہدے کی دستخطی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے ایم ایم بی ایل کے پریذیڈنٹ اور سی ای او غضنفر عظام نے کہا، ”ایم ایم بی ایل اس بات کی اہمیت کو سمجھتا ہے کہ معیاری صحت کی خدمات تک رسائی ایک لازمی ضرورت ہے۔ پاکستان کے صف اول کے ٹیلی میڈیسن پلیٹ فارم، صحت کہانی کے ساتھ ہمارا اشتراک اس کام کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے تاکہ ہمارے معزز صارفین بوقت ضرورت ڈاکٹروں اور ماہرین صحت سے فوری اور کم لاگت کے ساتھ رابطے میں رہ سکیں۔ اس اشتراک کے ذریعے ایم ایم بی ایل عوام کے فائدے کے لیے جدید، ویلیو ایڈڈ ڈیجیٹل مالیاتی مصنوعات اور خدمات کی فراہمی اور ان کی مجموعی فلاح و بہبود اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔”

اس موقع پر صحت کہانی کی شریک بانی اور چیف آپریشنز آفیسر، ڈاکٹر عفت ظفر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، ”صحت کہانی پاکستان میں پسماندہ طبقات کو کم لاگت کی حامل صحت کی معیاری خدمات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ ہم موبی لنک مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ کے ساتھ تعاون اور انکے صارفین کو اپنی ٹیلی میڈیسن خدمات فراہم کرنے پر پُر جوش ہیں۔ یہ تعاون ہمیں اپنی رسائی کو بڑھانے اور معیاری صحت سے متعلق خدمات فراہم کرنے کے قابل بنائے گا۔”

ایم ایم بی ایل مالیاتی شمولیت کو فروغ دینے اور معاشرے کے پسماندہ طبقوں کی ترقی کے لئے ایسی تنظیموں کے ساتھ شراکت داری کے لئے پرعزم ہے جن کی سوچ اور اقدار باہمی طور پر ملتی ہیں۔ اپنے اہم پارٹنرز کے ذریعے ایم ایم بی ایل ان طبقات پر مثبت اثرات مرتب کرنے کے لیے بھرپور انداز سے کام کر رہا ہے۔

صحت کہانی، پاکستان میں وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والا ڈیجیٹل ہیلتھ کیئر پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے سب کے لئے صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔ یہ ڈاکٹروں کا ایک پرعزم نیٹ ورک ہے جس کا ہدف یہ ہے کہ خواتین ڈاکٹروں کے لئے کام کے باسہولت مواقع کو ممکن بنایا جائے بصورت دیگر طبی پریکٹس کرنے کے لئے انہیں سماجی و ثقافتی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ صحت کہانی کا پلیٹ فارم عام صارفین اور کاروباری اداروں کے لئے بطور موبائل ایپلی کیشن موجود ہے جبکہ کم آمدنی کے حامل طبقات کے لئے ای کلینک کی شکل میں بھی دستیاب ہے۔

- Advertisement -

- Advertisement -

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.