موبی لنک مائیکروفنانس بینک کا دور دراز علاقوں میں مالیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے CASH1سے اشتراک
- Advertisement -
اسلام آباد: موبی لنک مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ (ایم ایم بی ایل) نے ویب ڈی این اے ورکس پرائیویٹ لمیٹڈ کی زیر ملکیت کیش 1 (CASH1) کے ساتھ اشتراک قائم کرکے پاکستان میں اپنی رسائی مزید بڑھا لی ہے۔ ویب ڈی این اے ورکس ملک میں اے ٹی ایم کی تنصیب اور آپریشنز رکھنے والا اولین اور خود مختار ادارہ ہے اور یہ پہلا نان بینکنگ ادارہ ہے جس نے کیش 1 کے تحت آف سائٹ اے ٹی ایمز کی تنصیب کے لئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے پیمنٹ سروس آپریٹر (پی ایس او) اور پیمنٹ سروس پرو وائیڈر (پی ایس پی) کا لائسنس حاصل کیا ہے۔
اس مشترکہ اقدام کے تحت کیش 1 ایم ایم بی ایل کو آف سائٹ اے ٹی ایمزکی تنصیب سے متعلق خدمات فراہم کرے گا، جس کی بدولت بینک دور دراز علاقوں میں اپنی رسائی وسیع اور اپنی خدمات بڑھا سکے گا۔ یہ وہ دور دراز علاقے ہیں جہاں صارفین کو بنیادی سہولیات کی بھی مناسب رسائی حاصل نہیں ہے۔ اس اقدام کی بدولت ان لوگوں کے لئے مالی خدمات کی رسائی میں اضافہ ہوگا جو روایتی طور پر ان سہولیات سے محروم ہیں۔
آف سائٹ اے ٹی ایمز کی تنصیب سے صارفین کو زیادہ سہولت اور رسائی حاصل ہوگی، جس کی بدولت وہ کسی بھی وقت اپنے اکاؤنٹس کو استعمال کرکے لین دین کرسکیں گے۔ یہ مالیاتی شمولیت بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے جس کے باعث ایم ایم بی ایل اپنے صارفین کی ایک بڑی تعداد بالخصوص ملک بھر میں دور دراز اور مشکل رسائی والے علاقوں میں خدمات پیش کرسکے گا، اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی قومی مالیاتی شمولیت کی حکمت عملی (این ایف آئی ایس) پر عمل درآمد کرے گا۔
- Advertisement -
اس اشتراک کی دستخطی تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایم بی ایل کے پریذیڈنٹ اور سی ای او غضنفر عظام نے کہا، ”ہم کیش 1 کے ساتھ اس اشتراک پر پرُجوش ہیں، کیونکہ اس سے ہم اپنی رسائی میں مزید وسعت لاسکیں گے اور اپنے صارفین کو پہلے سے زیادہ سہولت فراہم کر سکیں گے۔ پاکستان میں مالیاتی شمولیت کو بہتر بنانے سے منسلک ایم ایم بی ایل کے اس مشن کے لئے کیش 1 کی اے ٹی ایم سروسز کی فراہمی نہایت اہم ہے۔ اس شراکت داری کے تحت بینک پسماندہ طبقوں کو باسہولت بینکنگ کی خدمات پیش کرنے کیلئے کوشاں ہے اور اسے یقین ہے کہ وہ اپنے تمام صارفین کو اے ٹی ایم کی قابل اعتماد اور بہترین خدمات فراہم کرے گا جبکہ روایتی بینکنگ کے شعبے اور بینکنگ سہولیات سے محروم آبادی کے درمیان فرق کو کم کرے گا۔”
اس تقریب میں ویب ڈی این اے ورکس پرائیویٹ لمیٹڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر قمر عباس نے کہا، ”ہم اپنا بینک ان دی باکس بزنس ماڈل متعارف کرانے پر خوش ہیں۔ ایم ایم بی ایل کے ساتھ اس شراکت داری کے ذریعے نہ صرف بڑے شہروں بلکہ پاکستان کے دیہی علاقوں میں بھی کیش کے بغیر ڈیجیٹائز ادائیگیوں کی کسی حد تک سہولت میسر ہوگی۔”
مالیاتی شمولیت میں وسعت اور پسماندہ علاقوں میں بینکنگ کی ضروریات پوری کرنے سے متعلق اپنے غیر متزلزل عزم کے ساتھ ایم ایم بی ایل نے ملک بھر میں اپنے صارفین کو پہلے سے زیادہ مالیاتی رسائی فراہم کرنے کے لئے دوست (DOST) ایپ سمیت متعدد اقدامات کا بھی آغاز کیا ہے۔ کیش 1 کے ساتھ مل کر ایم ایم بی ایل نے ایک بار پھر اپنی تیزرفتار خدمات اور سہولیات بڑھانے سے متعلق اپنے عزم کا اظہار کیا ہے جبکہ پہلے سے ناقابل رسائی علاقوں تک بھی اپنی رسائی بڑھائی ہے۔
- Advertisement -