افریقی ممالک کو برآمدات میں بڑھانے کیلئے نجی شعبے کو بہتر رسائی کی سہولت فراہم کی جائے، صدر آئی سی سی آئی احسن ظفر بختاوری
- Advertisement -
اسلام آباد (اے پی پی 15 فروری 2023) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریزکے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہاہے کہ پاکستان سینیگال سمیت افریقی ممالک کے ساتھ اربوں ڈالر کی برآمدات کو فروغ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے جس کیلئے یہ ضروری ہے کہ ہمارے نجی شعبے کو افریقا میں بہتر رسائی حاصل کرنے کیلئے ہرممکن سہولت فراہم کی جائے،موجودہ دور ٹریڈ ڈپلومیسی کا ہے لہذاِبیرونی ممالک میں پاکستان کی برآمدات کو فروغ دینے کی کوشش کی جانی چاہیے جس سے ہماری معیشت بہتر ہو گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر کے دورے کے موقع پر سینیگال کیلئے نامزد پاکستان کی سفیر صائمہ سید سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور سینیگال کے درمیان دو طرفہ تجارت دونوں ممالک کی استعداد سے بہت کم ہے کیونکہ دونوں متعدد اشیاء میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کر سکتے ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سینیگال کے ساتھ تجارت و برآمدات کو بہتر کرنے میں سفارتخانہ بھرپور تعاون کرے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا ایک وفد مارچ میں ایتھوپیا کا دورہ کریگا اور تجویز دی کہ اس موقع پر سفارتخانہ سینیگال میں بھی ایک بزنس کانفرنس کے انعقاد کیلئے چیمبر کے ساتھ تعاون پر غور کرے تاکہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے اور کاروباری تعلقات مزید بہتر ہوں۔
- Advertisement -
انہوں نے سینیگال میں بطور سفیر تعیناتی پر صائمہ سید کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات میں اضافے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گی۔چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ سینیگال پاکستان کیلئے ایک پرکشش مارکیٹ ثابت ہو سکتا ہے اور تجویز دی کہ سفارتخانے میں ایک ڈسپلے سنٹر قائم کیا جائے جہاں ملکی مصنوعات کی نمائش کی جائے جس سے ان کی برآمدات کو فروغ دینے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
سفیر صائمہ سید نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سینیگال کے ساتھ کاروباری تعلقات کو بہتر کرنے میں تاجر برادری کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ سینیگال مغربی افریقا کا ایک اہم ملک ہے لہذا اس کے ساتھ قریبی تعاون قائم کر کے پاکستان مغربی افریقا کی مارکیٹ میں بہتر رسائی حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے سینیگال میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا ان کی اہم ترجیح ہو گی اور وہ اس سلسلے میں تاجر برادری کو ہرممکن سہولت فراہم کرنے کی کوشش کریں گی۔
چیمبر کے سابق صدور خالد اقبال ملک، ظفر بختاوری اور طارق صادق سمیت امیر حمزہ، نثااللہ خان اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و سنیگال کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بہتر کرنے کیلئے مفید تجاویز دیں۔
- Advertisement -