سنگاپور کی قومی ایئر لائن، سنگاپور ایئرلائنز کا پاکستان سے آپریشنز کا فیصلہ، ایئر لائن 2022 بہترین ایئر لائنز میں شامل ہے
جیریز انٹرنیشنل کو پاکستان میں اپنا جنرل سیلز ایجنٹ مقرر کردیا
- Advertisement -
کراچی: سنگاپور کی قومی ایئر لائن، سنگاپور ایئرلائنز (ایس آئی اے) نے جیریز انٹرنیشنل کو پاکستان میں اپنا جنرل سیلز ایجنٹ (جی ایس اے) مقرر کردیا ہے۔ اس بات کا اعلان کراچی میں منعقدہ ایک اہم تقریب کے دوران کیا گیا جس میں انڈسٹری کے پروفیشنل افراد، سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) اور دیگر سرکاری محکموں کے نمائندوں، کاروباری شعبے کی سینئر انتظامہ و دیگر نے شرکت کی۔
سنگاپور ایئرلائنز (ایس آئی اے)فی الحال ایک آف لائن کیریئر ہوگی جو اپنے دو آن لائن گیٹ وے شہروں دبئی اور کولمبو کے ذریعے کام کرے گی۔ ایس آئی اے کی جانب سے پاکستان کی معروف ایوی ایشن اور ٹریول سروسز کمپنی جیریز انٹرنیشنل کے ساتھ شراکت داری کی بدولت اسے پاکستان میں مضبوط قدم جمانے کی سہولت ملے گی، اور صارفین کو ایک قابل اعتماد ادارہ کے ذریعے ایئر لائن کے ساتھ رابطے کا موقع ملے گا۔ جیریز انٹرنیشنل پاکستان میں سنگاپور ایئر لائنز کو فروغ دے گا اور ایس کیو برانڈنگ کے ساتھ دفاتر فراہم کرے گا۔ اسکے علاوہ، سیلز، ریزرویشن اور ٹکٹنگ، مارکیٹنگ اور آفس ایڈمنسٹریشن سمیت مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرے گا۔
- Advertisement -
سال میں 2022 کی بہترین کیریئرز کی فہرست میں شامل، سنگاپور ایئرلائنز بذات خود ایک برانڈ ہے۔ دنیا میں سب سے زیادہ ایوارڈ یافتہ ایئر لائن کے طور پر یہ اپنی عمدہ سروس اور بہترین کیبن مصنوعات کی فراہمی کیلئے جانی جاتی ہے۔ مزید برآں، سنگاپور ایئرلائنز، سنگاپور میں اپنے مرکزی مقام چنگی ایئرپورٹ سے کام کرتی ہے، جو بذات خود ایک منزل بھی ہے۔ سنگاپور ایئر لائنز گروپ کا نیٹ ورک دنیا بھر میں 100 سے زائد مقامات کا احاطہ کرتا ہے۔ پاکستانی مسافروں کی خصوصی دلچسپی کے مقامات میں سنگاپور، ملائیشیا، جاپان، چین، آسٹریلیا، امریکا اور کینیڈا شامل ہیں۔
اس اشتراک سے متعلق تقریب میں خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سنگاپور ایئر لائنز کے جنرل منیجر گلف اینڈ مڈل ایسٹ کے اسون نے کہا، ”ہم پاکستانی مارکیٹ میں اپنی موجودگی میں وسعت لانے اور ترقی کے لیے جیریز کے ساتھ شراکت داری پر خوش ہیں۔ ہم پاکستان سے آنے والے مسافروں کو سنگاپور ایئرلائنز کی منفرد سروس، تجربے اور مصنوعات سے لطف اندوز ہونے کے لئے خوش آمدید کہتے ہیں۔”
جیریز گروپ کے گروپ ڈائریکٹر ارشد ولی محمد نے ایس آئی اے کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ” سنگاپور ایئرلائنز کے ساتھ شراکت داری کرنے اور جی ایس اے کے طور پر پاکستان میں اس کی نمائندگی کرنے پر جیریز فخر محسوس کرتا ہے۔ ایس آئی اے ایک رجحان ساز اور انڈسٹری چیلنجر کی ساکھ رکھتا ہے، جس میں مسلسل جدت بڑھانے کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔ جیریز میں، ہم ایس آئی اے کے برانڈ کی بہت قدر کرتے ہیں، اور اسی طرح ایس آئی اے نے جیریز برانڈ کی مضبوط پوزیشن کو تسلیم کیا ہے، اور اسی وجہ سے یہ شراکت داری عمل میں آئی ہے۔ ہم ایک طویل اور تعمیری اشتراک کے متمنی ہیں۔”
- Advertisement -