سال 2022-23 ایمریٹس گروپ کے لئے سب سے زیادہ منافع بخش رہا ، 3 ارب ڈالر کا ریکارڈ منافع
ایمریٹس گروپ نے 3 ارب ڈالر کا ریکارڈ منافع کمایا جبکہ گزشتہ سال اسے 1 ارب ڈالرکا نقصان ہوا۔ گروپ کی آمدن 32.6 ارب ڈالر ہوئی
- Advertisement -
ایمریٹس گروپ نے بہترین کارکردگی کے ساتھ مالی سال 2022-23کے مالیاتی نتائج کا اعلان کردیا
کراچی / دبئی : ایمریٹس گروپ نے مالی سال 2022-23کی اپنی سالانہ رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق تمام بزنس میں بھرپور طلب کے باعث یہ اسکا سب سے زیادہ منافع بخش سال رہا ہے۔ ایمریٹس نے پچھلے سال اپنے نقصان کے مقابلے میں اس بار منافع کے نئے ریکارڈز قائم کئے ہیں۔
ایمریٹس اور ڈناٹا دونوں نے سال 2022-23کے دوران آمدنی میں نمایاں اضافہ ملاحظہ کیا کیونکہ گروپ نے دنیا بھر میں وبائی امراض سے متعلق تقریبا َتمام پابندیوں کو ہٹانے کے بعد اپنی فضائی نقل و حمل اور سفر سے متعلق آپریشنز میں توسیع کی۔
31 مارچ 2023 کو اختتام پذیر مالی سال کے دوران ایمریٹس گروپ نے 3 ارب ڈالر کا ریکارڈ منافع کمایا جبکہ گزشتہ سال اسے 1 ارب ڈالرکا نقصان ہوا۔ گروپ کی آمدن 32.6 ارب ڈالر ہوئی، جو پچھلے سال کے مالیاتی نتائج کے مقابلے میں 81 فیصد زیادہ ہے۔ گروپ کا کیش بیلنس11.6 ارب ڈالر رہا، جو اب تک کا سب سے زیادہ بتایا جاتا ہے اور یہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 65 فیصد زیادہ ہے جس کی بنیادی وجہ اس کے بنیادی کاروباری شعبوں اور مارکیٹوں میں اسکی مستحکم طلب ہے۔
ایمریٹس ایئرلائن اور گروپ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو عزت مآب شیخ احمد بن سعید المکتوم نے کہا، ”ہمیں اپنی 2022-23کی کارکردگی پر فخر ہے جو نہ صرف مکمل بحالی ہے بلکہ ایک ریکارڈ نتیجہ بھی ہے۔ یہ کامیابی متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم اور دبئی کے حاکم عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کے بغیر ممکن نہیں تھی، اور آج اس کامیابی میں انکی قیادت کی بہت اہمیت ہے۔ دبئی کی ترقی پسند اقتصادی پالیسیوں کے معمار، عزت مآب شیخ محمد بھی ایمریٹس گروپ کی ترقی کے انجن کی مانند حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کے تعاون اور ترقی کے عمل کے بغیر ایمریٹس کا حجم آج کے مقابلے میں نصف ہوگا۔”
شیخ احمد بن سعید المکتوم نے مزید کہا، ”مجھے 2022-23کے لئے ایمریٹس گروپ کی کارکردگی پر فخر ہے، اور ہماری مارکیٹوں میں فضائی نقل و حمل اور سیاحت کی بحالی بشمول 2022 کے لئے بین الاقوامی مسافروں کی دبئی آمد میں حیران کن طور پر 97 فیصد اضافہ کے لئے ہمارا تعاون قابل ستائش ہے۔ گروپ متحدہ عرب امارات کے ہوا بازی کے شعبے میں سب سے بڑا ادارہ ہے، جو 7 لاکھ 70 ہزار سے زائد ملازمتوں کا معاون ہے اور جی ڈی پی میں 47 ارب ڈالر سے زیادہ کا حصہ ڈالتا ہے۔ اپنے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ دبئی اقتصادی ایجنڈا ڈی 33 کی روشنی میں ہم توقع کرتے ہیں کہ اگلی دہائی میں براہ راست اور بالواسطہ روزگار، سپلائی چین کے اخراجات، سیاحت کے اخراجات، اور کارگو کی نقل و حرکت سے تجارت کے ذریعے متحدہ عرب امارات کی جی ڈی پی میں ہمارا حصہ نمایاں طور پر بڑھ جائے گا۔”
گروپ کی کارکردگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے شیخ احمد نے کہا، ”ہمیں مالی سفر کی مستحکم انداز سے بحالی کی توقع تھی، اور چونکہ آخری سفری پابندیاں بھی ختم ہوئیں اور طلب میں اضافہ ہوا، اس لئے ہم اپنے صارفین کو خدمت پیش کرنے کے لئے اپنے آپریشنز کو تیزی اور بحفاظت طریقے سے بڑھانے کے لئے تیار تھے۔ ہمیں اپنے برانڈ، مصنوعات اور خدمات میں جاری سرمایہ کاری سے مارکیٹ میں سازگار انداز سے صارفین کی ترجیح کو سمجھنے اور عمل کرنے میں مدد ملی۔ اسکے نتیجے میں ہم نے اپنے مالی سال 2022-23کے لئے ریکارڈ مالی کارکردگی اور کیش بیلنس فراہم کیا ہے۔ یہ ہمارے پائیدار کاروباری ماڈل کی طاقت، آگے بڑھنے کی ہماری محتاط منصوبہ بندی، ہمارے تمام ملازمین کی سخت محنت، اور ہوا بازی اور سفری نظام میں ہماری ٹھوس شراکت داری کی عکاسی کرتی ہے۔”
گروپ کی مستقبل کی صلاحیتوں میں اضافے اور آپریشنز کی توسیع میں معاونت کے لئے ایمریٹس اور ڈناٹا نے مالی سال کے دوران دنیا بھر میں بھرتی کی سرگرمیوں میں اضافہ کیا۔ اسکے نتیجے میں گروپ کی کل افرادی قوت 20 فیصد اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 2 ہزار 379 ملازمین تک پہنچ گئی، جو 160 سے زیادہ مختلف قوموں کی نمائندگی کرتے ہیں۔
مالی سال 2022-23میں گروپ نے نئے طیاروں، تنصیبات، سازوسامان، کمپنیوں اور جدید ترین ٹیکنالوجی میں مجموعی طور پر 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی تاکہ مستقبل کی ترقی کے لئے کاروبار کو قائم کیا جاسکے۔ ہمارے وعدوں میں شامل ہیں: ایک بہت بڑا ملٹی بلین ڈالر کا ایئرکرافٹ جہاز کیبن ریٹروفٹ پروگرام، 5 عدد نئے 777 مال بردار جہازوں کا آرڈر، ایک نئے پائلٹ تربیتی مرکز کی تعمیر، کروپ ون کے ساتھ شراکت داری کے تحت دبئی میں دنیا کے سب سے بڑے ورٹیکل فارم بستانیکا کا افتتاح، ایمریٹس فلائٹ ٹریننگ اکیڈمی میں اپنے کیڈٹس کے لئے نیا تربیتی طیارہ، برازیل میں اپنے گراؤنڈ ہینڈلنگ آپریشنز کی مکمل ملکیت حاصل کرنے کے لئے ڈناٹا کے 30 فیصد حصص کا حصول، اورعراق کے شہر اربیل، میں ایک نئی جدید کارگو تنصیب کی تعمیر ہے۔
- Advertisement -
شیخ احمد نے کہا، ” 2022-23میں ہم نے نہ صرف اپنے بیشتر آپریشنز بحال کئے بلکہ لوگوں، مصنوعات اور نئی ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کرکے اپنے موجودگی اور صلاحیتوں میں اضافہ کیا ہے جس سے ہماری تیز رفتاری اور مستعدی کا اظہار ہوتا ہے۔ ہم مستقبل کی کامیابی کے لئے مضبوط بنیادیں رکھنے کا عمل جاری رکھتے ہیں اور اپنے کاروبار کی ترقی کیلئے سفری اور ہوا بازی کے جدید حل میں تعاون کے لئے شراکت داروں کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔ جیسے جیسے ہمارا کاروبار بڑھتا ہے، اسی طرح ہماری کمیونٹیز پر مثبت اثر ڈالنے کی ہماری صلاحیت بھی بڑھتی ہے جنہیں ہم اپنی خدمات پیش کرتے ہیں۔ ہم اپنے ماحولیاتی اثرات کو کم سے کم کرتے ہوئے اپنے صارفین اور اسٹیک ہولڈرز کو اہمیت دے کر اپنے عزم پر ثابت قدم ہیں۔”
انہوں نے کہا، ”ہم 2022-23میں مضبوط مثبت نقطہ نظر کے ساتھ داخل ہوں گے اور امید کرتے ہیں کہ گروپ منافع بخش رہے گا۔ ہم افراط زر، ایندھن کی بلند قیمتوں اور سیاسی و معاشی غیر یقینی صورتحال پر گہری نظر رکھتے ہوئے اپنے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کریں گے۔”
ایمریٹس کا نیٹ ورک 31مارچ 2023 تک چھ براعظموں کے 150مقامات پر مشتمل ہوگیا ہے۔ اس سال کے دوران ایمریٹس نے یونائیٹڈ ایئرلائنز اور ایئر کینیڈا سے کوڈ شیئر پارٹنرز کے نئے معاہدے کئے اور امریکاز کے 200 سے زائد نئے مقامات تک ایئرلائن کا رابطہ بڑھا دیا۔ اسی طرح، ایمریٹس نے کوانٹاس اور فلائی دبئی سے بھی اہم معاہدوں کومستحکم کیا جبکہ نئے انٹرلائن اور کوڈ شیئر پارٹنرز ایئرلنک، ایجین، آئی ٹی اے ایئر ویز، ایئر تنزانیہ، بامبو ایئرویز، باٹک ایئر، فلپائن ایئرلائنز، رائل ایئر ماروک اور اسکائی ایکسپریس کے ساتھ بھی اشتراک کیا۔
ایمریٹس کو مالی سال کے دوران دو نئے 777 مال بردار طیارے موصول ہوئے۔ ان کے علاوہ 2 عدد A380 جہاز، 1عدد بوئنگ 777-300 ای آر اور 1 فریٹر پر مشتمل 4 پرانے طیاروں کو بھی مرحلہ وار ختم کردیا گیا۔ مارچ کے آخر تک اس کے بیڑے کی کل تعداد 260 یونٹس تھی، اسکے بیڑے میں جہاز کی اوسط عمر 9.1 سال ہے۔
بیشتر مارکیٹوں میں اپنی صلاحیتوں میں نمایاں اضافے کے ساتھ ایمریٹس کی مجموعی آمدن 81 فیصد بڑھ کر 29.3 ارب ڈالر ہوگئی۔ کچھ بڑی مارکیٹوں کی بعض کرنسیوں جیسے یورو، پاؤنڈ سٹرلنگ اور پاکستانی روپے کی قدر میں قابل ذکر کمی سے ایئرلائن کے منافع پر1.2 ارب ڈالر کا منفی اثر ڈالا۔
مجموعی آپریٹنگ لاگت میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 57 فیصد اضافہ ہوا۔ اس ضمن میں فیول کی لاگت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 36 فیصد اضافہ ہوا۔ فیول بل 143 فیصد اضافے سے 9.2 ارب ڈالرز ہوگیا۔
عالمی سطح پر وبائی امراض سے متعلق سفری پابندیوں کے خاتمے کے ساتھ ایئر لائن نے اپنے مالی نتائج کو کافی حد تک بہتر بنایا اور گزشتہ سال کے 1.1 ارب ڈالر کے نقصان کے بعد 2.9 ارب ڈالر کا ریکارڈ منافع حاصل ہوا۔9.9 فیصد کا غیر معمولی منافع کا مارجن سامنے آیا، جو ایئرلائن کی تاریخ میں بہترین کارکردگی کی عکاسی کرتا ہے۔ایمریٹس نے مالی سال کے دوران 43.6 مسافروں کو سفری خدمات فراہم کیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 123 فیصد زائد ہیں۔
ایمریٹس اسکائی کارگو نے اپنی موجودہ صلاحیت میں کمی کے باوجود ٹھوس کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایئرلائن کی آمدنی میں 16 فیصد حصہ ڈالا۔ سال بھر میں فضائی مال برداری کی مستقل طلب کے ساتھ، ایمریٹس کے کارگو ڈویژن سے 4.7 ارب ڈالر کی ٹھوس آمدن کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ پچھلے سال یہ وبائی امراض کی وجہ سے موجودہ غیر معمولی کارکردگی کے مقابلے میں 21 فیصد کمی تھی۔
وبائی مرض سے بحالی ڈناٹا کے کاروبار میں محسوس کی گئی، اور سال 2022-23میں ڈناٹا کا منافع 201 فیصد اضافے سے 90 ملین ڈالررہا۔ دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی پروازوں اور سفری سرگرمیوں کے ساتھ ڈناٹا کی مجموعی آمدن 74 فیصد اضافے کے ساتھ 4.1 ارب ڈالر ہوگئی۔ ڈناٹا کا بین الاقوامی کاروبار اس کی آمدنی کا 72 فیصد ہیں، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے۔
ایمریٹس گروپ کی مکمل سالانہ مالیاتی نتائج برائے 2022-23براہ راست اس لنک سے (www.theemiratesgroup.com/annualreport)ملاحظہ کی جاسکتی ہے جس میں ایمریٹس، ڈناٹا اور انکے ذیلی اداروں کی تفصیلی کارکردگی کا ذکر موجود ہے۔
- Advertisement -